ممبئی: شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بدھ کے روز لوک سبھا انتخابات جیتنے والے اپنی پارٹی کے امیدواروں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج نے ظاہر کر دیا ہے کہ بی جے پی کو شکست دی جا سکتی ہے۔
یہ وہم ٹوٹ چکا ہے کہ وہ ناقابل تسخیر ہے۔مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے انتخابی نتائج کے اعلان کے ایک دن بعد بدھ کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر شیوسینا (یو بی ٹی) کے فاتح امیدواروں راجہ بھاؤ پرکاش واجے (ناسک سیٹ) اور سنجے دینا پاٹل (ممبئی نارتھ ایسٹ سیٹ) سے ملاقات کی۔ اس دوران ٹھاکرے نے کہا، ’’انتخابات نے دکھایا ہے کہ بی جے پی کو شکست دی جا سکتی ہے۔ یہ وہم (کہ اسے شکست نہیں دی جا سکتی) ٹوٹ چکا ہے۔
اس سے پہلے منگل کو ادھو ٹھاکرے نے ممبئی ساؤتھ سیٹ سے اپنی پارٹی کے جیتنے والے امیدوار اروند ساونت اور ممبئی ساؤتھ سینٹرل سیٹ سے جیتنے والے انیل دیسائی سے ملاقات کی تھی۔ شیو سینا (یو بی ٹی) نے لوک سبھا میں 9 سیٹیں جیتی ہیں۔ ممبئی سے باہر کے تمام نو منتخب پارٹی لیڈران کے بھی ٹھاکرے سے ملاقات کرنے کا امکان ہے۔لوک سبھا کی 543 سیٹوں کے لیے ہوئے انتخابات میں بی جے پی نے 240 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی اور اکثریت کے نشان سے کم رہ گئی۔
بی جے پی اپنے اتحادیوں کے ساتھ این ڈی اے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے لیکن انتخابات کے دوران 400 پار کا دعویٰ کرنے والی بی جے پی کو اگر اکثریت نہیں ملی تو اسے اس کی اخلاقی شکست قرار دیا جا رہا ہے۔