لوک سبھا انتخابات:آخری مرحلے کےتحت7ریاستوں میں57سیٹوں پرووٹنگ جاری، 904 امیدوارمیدان میںلوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں آج سات ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے کی کل 57 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ تمام مراحل کے لیے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔ اس مرحلے میں وارانسی پارلیمانی حلقے میں بھی ووٹنگ ہو رہی ہے جہاں سے وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل تیسری بار الیکشن لڑ رہے ہیں۔
اس مرحلے میں یونین ٹیریٹری چنڈی گڑھ، پنجاب کی تمام 13 لوک سبھا سیٹوں، ہماچل پردیش کی چار، اتر پردیش کی 13، مغربی بنگال کی نو، بہار کی آٹھ، اڈیشہ کی چھ اور جھارکھنڈ کی تین سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اڈیشہ کی بقیہ 42 اسمبلی سیٹوں کے لیے پولنگ ہورہی ہے اور ہماچل پردیش کی چھ اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات کے لئے آج ہی ووٹنگ ہورہی ہے۔کل 904 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
ان میں شامل اہم امیدواروں میں وزیر اعظم نریندر مودی، روی کشن، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر، ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی، لالو پرساد کی بیٹی میسا بھارتی اور اداکارہ کنگنا رناؤت شامل ہیں۔مرحوم مختار انصاری کے بھائی افضل انصاری غازی پور سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس مرحلے میں 10.06 کروڑ سے زیادہ شہری، جن میں تقریباً 5.24 کروڑ مرد، 4.82 کروڑ خواتین اور 3574 تیسری جنس کے ووٹر شامل ہیں، ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔