دہلی میں درجہ حرارت 52.9 ڈگری سیلسیس، محکمہ موسمیات بھی حیران! سینسر کی جانچ کا حکمنئی دہلی: شمالی ہندوستان میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے۔ دہلی کے منگیش پور میں بدھ کو درجہ حرارت 52.9 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جس نے محکمہ موسمیات کو بھی حیران کر دیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ علاقائی موسمیاتی مرکز کے درجہ حرارت ریکارڈ کرنے والے سینسر کی جانچ کی جائے گی۔ڈی جی آئی ایم ڈی نے کہا، ’’یہ غیر معمولی لگتا ہے کیونکہ یہ اعداد و شمار این سی آر کے دیگر تمام اسٹیشنوں کے مقابلے مختلف ہے۔ اب ہم نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے۔ موقع پر ڈیٹا چیک کرنے کے لیے ایک ٹیم بھی بھیج دی گئی ہے۔‘‘خواہ سینسر میں گڑبڑی ہو یا نہیں اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ دہلی میں اس وقت صحرائی علاقوں جیسی گرمی پڑ رہی ہے۔ بدھ کو حالات ایسے تھے کہ دہلی دبئی سے زیادہ گرم تھا۔ یہ دہلی کی تاریخ کا گرم ترین دن تھا۔
درحقیقت قومی راجدھانی اور شمالی ہندوستان کے بڑے حصے گزشتہ چند دنوں سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ دہلی کے کم از کم تین موسمی مراکز – منگیش پور، نریلا اور نجف گڑھ – میں منگل کو بھی درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسیس کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے اعداد و شمار کے مطابق، دہلی کے پرائمری ویدر اسٹیشن صفدرجنگ آبزرویٹری میں بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو 79 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔ 17 جون 1945 کو یہ 46.7 ڈگری سیلسیس تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق شہر کے دیگر علاقوں میں بھی گرمی دیکھی گئی اور نجف گڑھ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49.1 ڈگری سیلسیس، پوسا میں 49 ڈگری سیلسیس اور نریلا میں 48.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق، آئی ایم ڈی نے ایک بیان میں کہا کہ دہلی-این سی آر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہر کے مختلف حصوں میں 45.2 ڈگری سیلسیس سے 49.1 ڈگری سیلسیس تک رہا۔ دیگر اسٹیشنوں کے مقابلے منگیش پور میں 52.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔حکام کے مطابق راجستھان سے شہر میں چلنے والی گرم ہواؤں کی وجہ سے قومی راجدھانی میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔ شام کے وقت موسم میں اچانک تبدیلی آئی اور شہر کے بعض علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی۔ تاہم اس سے نمی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے لوگوں کی بے چینی میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ پیش گوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں گرمی اور گرم موسم میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔
آئی ایم ڈی کے مطابق بدھ کے دن دہلی میں نمی 43 فیصد سے 30 فیصد کے درمیان رہی۔آئی ایم ڈی نے جمعرات کو کچھ مقامات پر گرمی کی لہر کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود آسمان کی پیش گوئی کی ہے اور ساتھ ہی ہلکی بارش کے ساتھ گرج چمک اور گرد آلود طوفان اور 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، یوپی، ہریانہ اور دہلی-این سی آر میں اگلے چند گھنٹوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔محکمہ موسمیات نے دہلی کے کچھ علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ نجف گڑھ، پالم اور آیا نگر میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس بار محکمہ موسمیات نے 30 مئی کو کیرالہ میں مانسون کی آمد کی امید ظاہر کی ہے۔ اس کے بعد ریاست میں موسلادھار بارش دیکھنے کو ملے گی۔ تاہم، کیرالہ پہلے ہی شدید بارش اور پانی جمع ہونے سے نبرد آزما ہے۔