نوئیڈا میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے نام پر 9 کروڑ روپے کی ٹھگی!
نوئیڈا میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے نام پر 9 کروڑ روپے کی ٹھگی!نوئیڈا: سائبر فراڈ کرنے والوں نے نوئیڈا کے ایک شخص کو یہ دعویٰ کر کے 9 کروڑ 9 لاکھ روپے کی ٹھگی کر لی کہ اسے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر کے کروڑوں کا منافع ملے گا۔ ٹھگی کی اس واردات کو ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے انجام دیا گیا۔ فراڈ کی اطلاع ملنے کے بعد متاثرہ شخص نے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں معاملے کی شکایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹھگوں نے مجموعی طور پر 13 بار متاثرہ سے رقم کی منتقلی کرائی۔ یہ شہر میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر فراڈ قرار دیا جا رہا ہے جو کسی ایک شخص کے ساتھ شیئر ٹریڈنگ کے نام پر کیا گیا ہے۔ یہ ٹھگی نوئیڈا کے سیکٹر-40 میں رہنے والے رجت بوتھرا نامی شخص کے ساتھ ہوئی ہے۔ یہ معاملہ سائبر پولیس تھانے میں درج کیا گیا ہے اور پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔سائبر فراڈ کا شکار رجت بوتھرا نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا ہے کہ 28 اپریل کو اسے ایک واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا تھا۔
اس گروپ میں انہیں شیئر ٹریڈنگ کے منافع کے بارے میں بتایا گیا اور ایک لنک بھیجا گیا جس پر کلک کرنے کے بعد اور کئی مراحل طے کرنے کے بعد ان کے موبائل میں ایک ایپ ڈاؤن لوڈ کی گئی۔ ایپ کا نام جی ایف ایس ایل سیکورٹیز آفیشل اسٹاک سی 80 تھا۔ایپ میں شیئر مارکیٹ میں منافع کے بارے میں معلومات تھیں، جس کے بعد راجیو بوتھرا نے اپنے اکاؤنٹ سے 9.09 کروڑ روپے منتقل کر دئے۔ راجیو نے اس رقم کو کل 13 بار منتقل کیا۔ منتقلی کے دوران، راجیو نے کئی بار درمیان میں رقم نکالنے کی کوشش کی، لیکن وہ رقم نہیں نکال سکے۔ راجیو نے جس ایپ کے ذریعے یہ سرمایہ کاری کی تھی وہ رقم نکالنے کی اجازت نہیں دے رہی تھی۔
اس کے بعد راجیو کو شک ہو گیا۔لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ راجیو نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا ہے کہ جب اسے شبہ ہوا کہ سائبر ٹھگوں نے جعلی ویب سائٹ لنکس اور ایپلی کیشنز بنا کر شیئر ٹریڈنگ میں منافع کے نام پر دھوکہ دیا تو اس نے رقم نکالنے کی کوشش کی لیکن ایپ سے اس کی اجازت نہیں دی گئی۔راجیو نے 29 مئی کو این سی آر پی پورٹل پر واقعہ کی شکایت بھی درج کرائی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے دیکھا کہ یہ معاملہ بہت بڑا ہے تو انہوں نے انہیں بلایا اور ایف آئی آر درج کرائی۔ فی الحال پولیس اس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے اور ان تمام بینک کھاتوں کو منجمد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جن میں یہ رقم منتقل کی گئی ہے۔