سویڈن میں اب پوتے پوتیوں کی دیکھ بھال کے لیے دادا-دادی کو ملے گی تعطیل، نیا قانون نافذ
سویڈن میں ایک نیا قانون نافذ ہو گیا ہے جس کے بعد پیٹرنیٹی لیو یعنی بچے کی پیدائش پر والد کو ملنے والی چھٹی اب دادا-دادی کو بھی مل سکتی ہے۔ پیر کے روز سویڈن میں یہ نیا قانون نافذ ہوا۔ اس کے تحت دادا-دادی کو بچے کی پیدائش کے پہلے سال کے دوران تین مہینے تک پوتے پوتیوں کی دیکھ بھال کرنے کے لیے تنخواہ سمیت ولدیت تعطیل (پیٹرنیٹی لیو) مل سکے گی۔
دراصل سویڈین کی 349 سیٹوں والی پارلیمنٹ ’رکسڈیگ‘ نے گزشتہ سال دسمبر میں پیٹرنیٹی الاؤنس سے متعلق حکومت کی تجویز کو منظوری دی تھی، اور اب اس سلسلے میں قانون نافذ ہو گیا ہے۔ اس قانون کے تحت والدین اپنی ولدیت تعطیل الاؤنس کا کچھ حصہ بچے کے دادا-دادی کو منتقل کر سکتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ سویڈن میں بچے کی پیدائش ہونے پر ملازمین کو چھٹی دی جاتی ہے۔
والدین کو ہر بچے کی پیدائش پر 480 دنوں کی چھٹی ملتی ہے۔ ان میں سے 390 دنوں کے لیے معاوضہ پوری آمدنی کی بنیاد پر شمار کیا جاتا ہے، جبکہ بقیہ 90 دنوں کے لیے لوگوں کو روزانہ 180 کرونر کی یقینی رقم ملتی ہے۔ سویڈن میں والدین بچے کی عمر 8 سال ہونے تک کم گھنٹوں تک کام کر سکتے ہیں، جبکہ سرکاری ملازمین کو بھی بچے کے 12 سال کا ہونے تک کم گھنٹوں تک کام کرنے کا فائدہ ملتا ہے۔